حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مرکز مدیریت حوزہ علمیہ خواہران میں تحقیقی امور کی سربراہ محترمہ خانم متولیان نے مدرسہ علمیہ سعیدیہ خواھران کے اسٹاف، ریسرچ ورکنگ گروپ اور طلباء سے ملاقات اور گفتگو کی۔
رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں خانم متولیان نے تحقیق کو مرد و خواتین کے لیے بہترین اور باوقار سرگرمی قرار دیتے ہوئے کہا: تحقیقی اعتبار سے فعال طلبہ خاندانی نظام کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ آنے والی نسل کی بہترین تربیت کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: یہ ہدف اس وقت حاصل ہو گا جب مدارس طلباء کو تحفظ اور امن کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کے لیے اچھا ماحول فراہم کریں اور ان کے نظریات کی آبیاری اور تشویق کی جائے تاکہ آنے والی نسل تعلیم اور شرح خواندگی کے لحاظ سے بھرپور ہو۔
مرکز مدیریت حوزہ علمیہ خواہران میں تحقیقی امور کی سربراہ نے دعا "اللهم اخرجنی من ظلمات الوهم و اکرمنی بنور الفهم" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ظلمات سے نکلنا اور درک و فہم جیسے نور میں داخل ہونا ان توفیقات میں سے ایک ہے جو خدائے بزرگ و برتر ہمیں عطا کرتا ہے لیکن اس سے پہلے ہمارے وجود میں یہ صلاحیت بھی ہونی چاہئے کہ وہ فہم کے نور کو حاصل کر سکے اور اپنے فرائض کو پہچانتے ہوئے ان کی انجام دہی کے لئے اقدام کرے۔